ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل کے بائک اور کار سوار اب ہوجائیے ہوشیار! ٹریفک اصول کی خلاف ورزی کرنے پر گھر پہنچ جائے گی فوٹو کے ساتھ پولس نوٹس

بھٹکل کے بائک اور کار سوار اب ہوجائیے ہوشیار! ٹریفک اصول کی خلاف ورزی کرنے پر گھر پہنچ جائے گی فوٹو کے ساتھ پولس نوٹس

Thu, 29 Aug 2019 21:03:26    S.O. News Service

بھٹکل:29؍اگست(ایس اؤ نیوز)شہر میں اکثر لوگ گاڑیاں چلانے کے دوران  ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنا عام بات ہے، مگر اب ٹریفک اُصولوں کی خلاف ورزی کرنا سواریوں کو بے حد مہنگا پڑ سکتا ہے کیونکہ  اب محکمہ پولس نے سخت کاروائی کرنے کی پوری تیاری کرلی ہے۔ تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرنے، بغیر  ہیلمٹ  اور موبائیل پر  بات کرتے ہوئے گاڑی چلانے والوں   پر اب دوسرے ممالک کی طرز پر  بھٹکل میں  پولس   کی کاروائی شروع ہوچکی ہے۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ پولس آپ کو نہیں دیکھ رہا ہے اس لئے جیسے جی میں آئے گاڑی چلاسکتے ہیں  تو پھر اس طرح سمجھنا آپ کے لئے بے حد مہنگا ثابت ہوسکتا ہےکیونکہ اب بھٹکل کے کئی لوگوں کو بذریعہ پوسٹ ان کے نام کی نوٹس موصول ہوئی ہے جس میں اُن کا ڈرائیونگ کرنے کے دوران موبائل پر بات کرنے کی فوٹو، ہیلمیٹ کے بغیر بائک چلانے کی فوٹو وغیرہ کے ساتھ جرمانہ بھرنے کے لئے کہا گیا ہے۔

محکمہ پولس اب قانون کی خلاف ورزی کرنےو الوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر اُتر گیا ہے ۔  اب پولس سواریوں میں موجود کیمروں سے  چلتی ہوئی سواری کا فوٹو کھینچ رہی ہے۔ کیمرے میں قید تصویر سے سواری کا نمبر لے کر آرٹی اؤ دفتر کو سونپ کر سواری کے مالک کا نام ، پتہ وغیرہ کی جانکاری حاصل کرکے سیدھے متعلقہ پتہ پر نوٹس روانہ کی جارہی ہے۔جس کے بعد قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سیدھے عدالت میں پہنچ کر اپنا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

سواریوں کے اصولوں کے متعلق بات کرتے ہوئے بھٹکل ڈی وائی ایس پی ولنٹائن ڈیسوزا نے بتایا کہ بنگلورو جیسے شہروں میں بھی اب  اسی طریقہ کار کو اپنا کر  ٹریفک  خلاف ورزی کرنے والی سواریوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے اور اب ہم نے بھی  گزشتہ تین چار ماہ سے اس  قانون کو بھٹکل میں جاری کردیا  ہے۔ گرچہ اس طریقہ کار سے محکمہ پر بار ضرور پڑتاہے لیکن اس سے غیرقانونی ڈرائیونگ  اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے  پر روک  لگے گا انہوں نے بتایا کہ اب تک  500سے زائد معاملات درج کرلئے گئے   ہیں اور  ٹریفک نظام کو توڑنے پر  لاکھوں روپیہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ڈی وائی ایس پی نے بھٹکل شہر میں سواریوں کی بڑھتی ٹریفک  کو کم کرنےکے لئے بھی اس طرح کی  مزید قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ ظاہرکیا۔


Share: